الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کر تے ہوئے تمام نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سوموار کے روز الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کر دیا ہے یہ فیصلہ کمیشن نے 1ـ4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا ہے کمیشن کی جانب سے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں ہے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی اور پارٹی فہرست کی ابتدا میں فراہمی میں ناکامی کے باعث سنی اتحاد کونسلمخصوص نشستوں کی حقدار نہیں ہے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو نشستیں نہ ملنے کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام خالی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور یہ مخصوص نشستیں اب ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی ف کو دینے کی درخواست منظور کر لی ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ 22 صفحات پر مشتمل ہے۔سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ متفقہ طور پرسنایا گیا تاہم مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کے حوالے سے کمیشن کے فیصلے سے ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا ہے اور اپنے اختلافی نوٹ میں ممبر پنجاب نے لکھا ہے کہ سنی اتحاد کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے حوالے سے کمیشن کے فیصلے کے ساتھ متفق ہوں تاہم یہ مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو ملنے کے فیصلے سے اختلاف کرتا ہوں واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی ہے، اسی بنیاد پر سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں