بلوچستان میں حکومت سازی پر مسلم لیگ(ن)کی جے یو آئی سے معذرت

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جمعیت علما اسلام سے بلوچستان میں حکومت سازی پر معذرت کرلی۔اسلام آباد میں ماضی کی اتحادی جماعتوں ن لیگ اور جے یو آئی کے وفود کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اس موقع پر جے یو آئی نے بلوچستان میں حکومت سازی سے متعلق بات کی تو اسحاق ڈار نے معذرت کی اور کہا کہ آپ نے دیر کردی ہے۔ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار نے جے یو آئی وفد کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں شراکت اقتدار کیلیے پیپلز پارٹی سے معاہدہ کرچکی ہے، اب اعلی قیادت ہی اس پر کوئی فیصلہ کرسکتی ہے۔عبدالغفور حیدر ی نے ن لیگ وفد سے ملاقات میں بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کی اور کہا کہ جے یو آئی اور ن لیگ کم از کم بلوچستان میں حکومت بناسکتی ہیں۔اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ چار دن سے آپ سے رابطہ کر رہے تھے لیکن رابطہ نہیں ہوا، ہم تو چاہتے تھے کہ مل کر چلا جائے لیکن مولانا آپ نے بہت دیر کردی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ شراکت اقتدار کا معاہدہ کر لیا ہے،ن لیگ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے والی ہے۔ن لیگی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ جے یو آئی اور ہمارا پرانا ساتھ ہے، ہم گرم سرد موسم میں ساتھ چلے ہیں، جے یو آئی کی پیشکش کے حوالے سے اعلی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔اسحاق ڈار نے جے یو آئی وفد کو جواب دیا کہ اب اعلی قیادت ہی اس پر کوئی فیصلہ کرسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں