سردار ایاز صادق سپیکر قومی اسمبلی منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد : مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نئے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ،راجہ پرویز اشرف نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 291ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں ،ایک ووٹ مسترد ہوا ، ایاز صادق نے 199ووٹ حاصل کئے ہیں ان کے مدمقابل عامر ڈوگر نے 91ووٹ حاصل کئے ہیں ۔اسپیکر منتخب ہونے کے بعد سردار ایاز صادق نے حلف بھی اٹھالیا راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا ، حلف اٹھانے کے بعد حلف اٹھانے کے بعد ایاز صادق کو سپیکر کا روایتی گاؤن پہنایا گیا ایاز صادق نے سپیکر کی نشست سنبھال لی۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے 22ویں سپیکر منتخب ہوگئے ،ایاز صادق نے سپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا ،نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے مجموعی طور پر 291 ووٹ ڈالے گئے، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر صرف 91 ووٹ لے سکے۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پولنگ کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق کی کامیابی کا اعلان کیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل باہمی مشاورت سے نکالا جائے۔آپ کا ہر طرز عمل ملکی مفاد میں ہونا چاہئے،منتخب ایوان کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔عوام کی نگاہیں آپ کی طرف لگی ہوئی ہیں۔یہ ایوان عوام کی طاقت کا سرچشمہ ہے۔ایازصادق کے سپیکر منتخب ہونے کے بعد ن لیگی اور اتحادی جماعتوں نے ڈیسک بجا کر ان کو مبارکباد دی اور خوب نعرے بازی کی جبکہ نومنتخب سپیکر سردارایازصادق خود چل کراپوزیشن بنچوں پر گئے اور سنی اتحاد کونسل کے نامزدوزیراعظم عمر ایوب،اسد قیصر ،عامر ڈوگر و دیگر رہنمائوں سے مصافحہ کیا۔سنی تحریک کے اراکین سپیکر کے انتخاب کے دوران ایوان میں جوتے لہراتے رہے۔سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت میں ہوا،ملک کی 16 ویں قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخابی عمل میں ن لیگ کے سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ تھا۔سپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ واضح رہے کہ سردار ایاز صادق 2013 سے 2018 تک اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب پر فائز رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں