سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکورہوں، شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر بات چیت ہوئی۔سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ مہمان وزیرِ خارجہ کے وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔ذرائع کاکہنا ہے کہ ملاقات میں تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا،سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا،پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے گایا پھر وہ ہوٹل بنالے۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیارہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی،سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا،عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہء پاکستان خوش آئند ہے،دورہ، پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے،پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے،پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے،پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے،ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا،وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے،وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں