سندھ میں وزیراعلیٰ کے امیدوار مراد علی شاہ، اسپیکر اویس شاہ ہونگے،بلاول کا اعلان

کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرس میں بتایا کہ آج سندھ اسمبلی میں حلف برداری ہوگی جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا، بعدازاں وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، اسپیکر کیلئیہمارے امیدوار اویس شاہ جبکہ نوید انتھونی ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق اسپیکر آغا سراج درانی نے اچھے سے اسپیکر کا کردار ادا کیا اب نوجوان قیادت سنبھالے گی، آغا سراج درانی اویس شاہ کی رہنمائی کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ درخواست کریں گے ایک بار پھر سندھ کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ مراد علی شاہ سنبھالیں، ہم نے اب اپنی ہی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ کر بہترین کام کرنا ہے، ہماری سب سے پہلی ترجیح یہ ہوگی کہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیں نہ صرف کامیاب کرایا بلکہ ماضی سے بھی بہتر مینڈیٹ دیا، سندھ کے عوام کی ہم سے توقعات بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے لیے مراد علی شاہ، اسپیکر کے لیے اویس شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نوید انتھونی کو امیدوار نامزد کیا جارہا ہے ۔ بلاول نے کہا عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی زیادہ بہتر ہو گی ۔ نوجوانوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2022ء کے سیلاب میں لوگوں کے گھروں کے ساتھ ساتھ پچاس فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے انہیں دوبارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا حق ہے تا ہم اپوزیشن کا کام صرف گالم گلوچ اور شور شرابا ک کرنا نہیں بلکہ تعمیری کردار ادا کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا صحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کراچی کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام اراکین اسمبلی محنت اور لگن سے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا عوامی خدمت کے منشور کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہر گز پروان نہیں چڑھنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا وفاق اور باقی صوبوں سے ترقی کا مقابلہ ہو گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں