صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میڈیا کو ہمارے ملک میں چوتھے ستون کی حیثیت حاصل ہے جو عوام کو پل پل باخبر رکھنے اور انہیں شعور اور آگہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہیں جو کمزوریوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہیں اور معاشرے میں قانون عدل و انصاف اور مساوات کے پرچار میں اپنا انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں گزشتہ کئی سالوں سے ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندوں کے لیے مشکلات اور مسائل کا سامنا رہا ہے اور ہمارے صوبے کے کئی ہونہار باصلاحیت صحافی اور رپورٹرز نے عوام تک معلومات کی بروقت رسائی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ان تمام شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ صحافی ملک اور معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے مؤثر کردار کو احسن انداز سے سرانجام دیتے رہیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے حکومت نے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہے جن میں جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ کی رقم میں اضافہ کرنے اس کے علاوہ صحافیوں کو رہائشی کالونی کی الاٹمنٹ کے لیے حکومت نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے صحافیوں کے لیے اس اہم رہائشی منصوبے پر عملدرآمد کو باقاعدہ عملی شکل دینا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صحافیوں سمیت ہاکرز کے مسائل سے بھی آگاہ ہے اور ان کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام صحافی اور رپورٹرز ملک و معاشرے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں تاکہ ہم خوش حالی ترقی کی جانب گامزن ہوسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں