فارم 47 پر بننے والی حکومت کو تسلیم نہیں کرینگے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 پر بننے والی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔کھوکھلی حکومت کا عوام سے کائی تعلق نہیں ۔ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب امیر جماعت اسلامی پاکستان بننے کا اعلان ہوا اس وقت مبارکباد کا پہلا خط کراچی پریس کلب سے موصول ہوا، ملکی صورتحال سب کے سامنے ہے، کراچی کے رہنے والوں کے حق کی تحریک آگے بڑھی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بلدیاتی انتخابات میں شب خون مارا گیا، پھر عام انتخابات میں شب خون مارا گیا، الیکشن کمیشن کو پہلے سے فارم 47 لکھ کر دیئے گئے تھے، اس کے مطابق مینڈیٹ تقسیم کیا گیا، ہم اس کو تسلیم نہیں کرتے، عوام نے اس حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ن لیگ جس نے ماضی میں دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی اب اس پارٹی کی سیاست بھی ختم ہوگئی ہے، پہلے ہی وہ پورے پاکستان سے فارغ ہوگئے تھے، اب وہ پنجاب سے بھی فارغ ہو جائیں گے، یہ لوگ آئین کی بالادستی قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسائل کا کوئی حل نکالنا ہوگا نہیں تو عوام کا غیظ و غضب آگیا تو مشکل ہوگا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فارم 47 کے مینڈیٹ کو واپس کیا جائے، چیف جسٹس اگر واقعی پاکستان کے چیف جسٹس ہیں توان کو ایکشن لینا چاہئے، اور یہ کام کرنا ہوگا، انہوں نے بہت سے کیسز کو سننا شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کراچی میں ایم کیو ایم اور پی پی کو مسلط کر کے بہت بڑا ظلم کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں