ملت اسلامیہ کا اتحاد ہی امت کو خطرات اور بحران سے نجات دلاسکتا ہے،سراج الحق

لاہور : نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے پیکو روڈ کوٹ لکھپت میں عوامی افطار اور جامع مسجد الاعلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان پوری امت کی تربیت، اصلاح، رجوع الی اللہ کی دعوت اور اہل ایمان میں احساس زیاں پیدا کرنے کا عظیم مہینہ ہے، روزہ دار زبان، کان، ادب، تقویٰ، شرمگاہ کی حفاظت اور پاکیزگی اور خوش خلقی سے اپنی اور معاشرتی زندگی میں انقلاب برپا کرسکتا ہے۔ ملت اسلامیہ کا اتحاد ہی امت کو خطرات اور بحران سے نجات دلاسکتا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام اسرائیلی صیہونی، امریکی اور ہندو فاشزم کے ماحول میں ماہِ رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں، غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کو 160 دن گزر چکے32 ہزار فلسطینی شہید ہوگئے، عورتوں اور بچوں کے قتلِ عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، موت اور فاقہ فلسطینیوں پر مسلط کردیے گئے، عالمِ اسلام کی قیادت مجرمانہ غفلت کا لحاف اتارے اور ظالم کا ہاتھ روکنے، مظلوموں کی داد رسی کے لیے ایمانی غیرت اور طاقت پیدا کرے، ماہِ رمضان میں ہی میدانِ بدر میں ظالم جارح لشکر کفر کو شکست فاش ہوئی، محمد بن قاسم ماہِ رمضان میں ہی مظلوم بیٹی کی فریاد پر داد رسی کے لیے سرخرو ہوا. آج بھی یہی جذبہ، حکمت اور اقدام ملتِ اسلامیہ کے مسائل کا حل ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ متنازعہ، دھاندلی زدہ اور جمہوریت کے ماتھے پر داغ انتخاب کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں بن گئیں، ابتدائی چند دنوں سے ہی ثابت ہوگیا کہ مسلم لیگ، پی پی پی، پی ٹی آئی کے پاس ماضی کی طرح 2024 انتخابات کے بعد بھی سیاسی، معاشی، آئینی، انتظامی بحرانوں کے خاتمہ کیلیے کوئی ایجنڈا اور لائحہ عمل نہیں ہے، اقتدار کی کرسیوں پر قبضہ کے بعد بلند بانگ دعووں اور میڈیا کی جادوگری سے عوام سے دھوکہ دہی کا کاروبار چلایا جارہا ہے، بھوک، تنگدستی، افلاس اور بجلی، گیس، پٹرول، پانی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں اور ناانصافی سے تنگ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا عوام کے لیے بے ثمر گٹھ جوڑ عوام کے لیے بڑی تباہی کا باعث ہوگا۔ عوام اسی طرح مسلم لیگ پی پی پی کے ہاتھوں بلیک میل ہوتی رہے گی اور عوام کی حالت بد سے بدتر ہوتی چلی جائے گی، پی ٹی آئی اسمبلیوں میں اپنی مخصوص نشستوں کے حق سے محروم ہوگئی۔ پاپولر سپورٹ کے باوجود پی ٹی آئی کی سیاسی محاذ پر غیرمستحکم حکمت عملی اسٹیبلشمنٹ کی طاقت بن گئی، نااہل حکمرانوں کے وارے نیارے ہورہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں