مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ،کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ، نواز شریف

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف رمضان المبارک میں حکومتی اقدامات کے باوجود مہنگائی میں خاطر خوا کمی نہ ہونے پر برہم ہیں اور انہوں نے ایک اعلی سطح کے اجلاس میںاس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو احکامات جاری کئے ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ہم نے اپنے منشور پر عمل کرنا ہے ،ذرائع کے مطابق جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز،پرویز رشید ،مریم اورنگزیب بھی موجود تھے، ملاقات میں اتحادی حکومت کی اب تک کی کارکردگی اورمختلف فیصلوں کا جائزہ لیا گیا،ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف پنجاب اور مرکز میں ن لیگ کی حکومت آنے کے باوجود مہنگائی میں کمی نہ ہونے پر فکر مند ہیں ،ملاقات کے دوران نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کہا کہ یاد رکھیں ہم نے انتخابی مہم میں عوام سے کیا وعدے کیے تھے،منشور اور ان وعدوں پر عمل کرنا ہوگا،ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ایک بڑے ادارے کے سربراہ کی مدت میں توسیع پر نوازشریف نے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اہم نوعیت کے فیصلوں میں مشاورت لازمی کیا کریں تاہم وزیر اعظم نے توسیع کے حوالے سے اپنے موقف اور اداروں کی تجاویز سے آگاہ کیا،نواز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں سستے بازاروں میں قیمتوں میں مزید کمی لائیں،نوازشریف نے مریم نواز کو مزید ایکٹو ہونے اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح بنانے کا حکم دیا،ذرائع کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف نے سینیٹ کے انتخابات اور پارٹی امیدواروں سے متعلق آگاہ کیا،پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں کے مختلف قومی و سیاسی امور پر اختلافات بھی زیر بحث آئے جس پر نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کے اختلافات کو دور کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں