ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کیلئے کوششیں تیز کی جائیں، محمد اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگ زیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اہداف کے حصول میں ایف بی آر ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ اْنہوں نے بہتر کارکردگی اور ریونیو جنریشن میں اضافہ کے لئے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اوراصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ اْنہوں نے ایف بی آر کی ٹیم کو یقین دلایا کہ وہ ان کے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر ٹیم کی جانب سے وزیرخزانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اْنہوں نے وفاقی وزیر کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں، ریونیو جنریشن کے لئے اْٹھائے جانے والے اقدامات اور ریونیو ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں ریونیو اکٹھا کرنے کا مجموعی ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا ہے اور پورے سال کے ہدف کو بھی حاصل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اجلاس میں چیئر مین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں