پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامناہے لیکن ہم بہتری کیلئے کوشاں ہیں، جام کمال

کراچی:وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن سے چھٹکارا پانے کیلئے کوشاں ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ پہلے دن سے وزیر اعظم بڑے جذبے کے ساتھ اور محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وفاقی وزرا اور صوبائی حکومتوں نے نئی ذمہ داریوں کو سنبھال لیا ہے، پاکستان کو بہت چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمیں اللہ سے بہتری کی امید ہے، یہ سب ہماری محنت پر مبنی ہے۔پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں جیسے ایم کیو ایم، نیشنل پارٹی وغیرہ ان سب نے مل کر حکومت کی تشکیل میں حصہ ڈالا ہے، وہ الگ بات ہے کہ وہ اس حکومت کا حصہ ہیں یا نہیں لیکن اسے بنانے میں سب کا ہاتھ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں تک کابینہ میں شمولیت کی بات ہے اس فیصلے میں پیپلز پارٹی کے اپنے خیالات اور تحفظات ہوسکتے ہیں مگر وزیر اعظم نے انہیں واضح طور پر کہا وہ ذمہ دارانہ انداز میں کابینہ کا حصہ بنیں، عوام ان سب جماعتوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر دیکھتی ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے قائل کریں۔بلوچستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت مسائل سے گزر رہا ہے، بلوچستان کے زد میں بھی یہی چیزیں آتی ہیں، اس کا رقبہ بہت بڑا ہے اور اتنے بڑے علاقے میں واقعات کا ہونا اتنا ہی بڑا بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات اس لیے بھی حساس ہیں کہ وہاں دو ممالک کی سرحدیں ہیں، جن وزیرائے اعلی نے وہاں ذمہ داری لی تو سب نے اپنے لحاظ سے وہاں بہتری کی کوشش ضرور کی ہو گی، اب وہاں پیپلز پارٹی کے وزیر اعلی ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ ان کے مسئلوں کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں