پاکستان کے سیلاب متاثرین اورعلاقوں کی بحالی اورتعمیرنو میں تعاون جاری رکھیں گے، ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں گزشتہ سال آنیوالے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد اورعلاقوں کی بحالی اورتعمیرنو کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ ایک سال قبل آنیوالے بدترین سیلاب سے پاکستان میں 33 ملین لوگ متاثر ہوگئے تھے، ایشیائی ترقیاتی بینک بحالی اورماحولیاتی موزونیت کے مختلف منصوبوں میں 554 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کررہاہے۔بیان میں بتایاگیاہے کہ متاثرہ علاقوں میں پلوں، واٹرسپلائی، ضروری نہروں اورکھالوں میں پانی کی فراہمی، زراعت اورلائیوسٹاک کے شعبہ جات میں پاکستان کوامدادفراہم کررہاہے۔بیان کے مطابق بلوچستان کے 60 ہزارکسانوں میں چاولوں کی بیج کی فراہمی ایف اے اوکے تعاون سے عمل میں لائی گئی ہے جس کیلئے جاپان کی حکومت نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔اسی طرح خواتین کسانوں کوٹول کٹس اورحفاظتی فٹ وئیرز کی فراہمی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں گزشتہ سال آنیوالے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد اورعلاقوں کی بحالی،تعمیرنو اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کھڑا کرنے میں تعاون جاری رکھنے میں پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں