پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے راستے نکل آئینگے،خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان بہت بڑی پیشرفت تھی،ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان کامیاب رہا،تہران اور اسلام آباد کے تعلقات کی ایک لمبی چوڑی تاریخ ہے،خطے میں بدامنی ہے، بڑی طاقتوں کی مداخلت بڑھ گئی ہے،ہمیںاپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر ضرور جمع ہونا چاہئے، ایرانی صدر کے دورے سے اگر کسی کو بھی درد یا تکلیف ہو تو اس کی کوئی اہمیت نہیں دراصل پاکستان کے عوام کی تکالیف کا مداوا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے راستے نکل آئیں گے۔ منصوبہ تکمیل کے مراحل ضرور عبور کر لے گا۔ایران کے صدر چاہتے تھے وہ ایک بڑا جلسہ کریں، سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بعض چیزیں ہم ارینج نہ کر سکے۔دہشتگردی ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں برادر ممالک ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے میں عالمی طاقتوں کی مداخلت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھی چاہئے کہ ہم کوئی مشترکہ پلیٹ فارم بنائیں جہاں ایک پیج پر جمع ہو کر مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب طالبان نے کابل فتح کیا تو میں نے ٹویٹ کیا تھا، جس میں کہا تھا طاقتیں تمہاری ہیں اور خدا ہمارا ہے، میں آج بھی اپنے اس ٹوئٹ پر قائم ہوں۔جن لوگوں کے پیچھے دولت مند ممالک نہیں انہوں نے سپر پاور کو شکست دی، وہ ایک مظلوم کی فتح تھی جس کی میں نے تعریف کی، طالبان کی کابل میں فتح کی آج بھی تعریف بنتی ہے۔موجودہ پاکستانی حکومت ایک سال کے اندر ملک میں نمایاں تبدیلی لیکر آئیگی اور آنے والے دنوں میں پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے جس کے اثرات عام آدمی تک ضرورپہنچیں گے۔دوست ممالک مشکل کی اس گھڑی میں اپنا سرمایہ پاکستان لانے پر تیار ہیں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں