پی ٹی آئی نے سنی اتحاد کونسل پر اعتماد کیا لیکن انہیں بیچ دیا گیا ہے، راجہ ریاض

لاہور :قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل پر اعتماد کیا لیکن انہیں بیچ دیا گیا ہے،سنی اتحاد کونسل لکھ کر نہ دیتی تو اسے مخصوص نشستیں مل جاتیں، حامد رضا چندہ کھانے والے لوگ ہیں ، انہوں نے اپنے نشان پر الیکشن نہیں لڑا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیماری کی وجہ سے میرے بیٹے نے الیکشن میں حصہ لیا ،حامد رضا نے 26تاریخ کو الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ غداری کرتے ہوئے چھرا گھونپا ،انہوںنے کہا میں نے الیکشن اپنے نشان سے نہیں لڑا اس لئے خواتین کی مخصوصی نشستیں نہیں چاہئیں،انہوں نے تحریک انصاف کو بیچ دیا ہے ،کتنے میں بیچا ہے کس طرح بیچا ہے اس کا میرے پاس ریکارڈ نہیں ،اب الیکشن کمیشن کے پاس کوئی اختیار نہیں رہ گیا کہ ان کو مخصو ص نشستیں دے ،تحریک انصاف کے وکیلوں نے جاکر حامد رضا کی شکایت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی جھگڑے اور مخالفت ہوتی ہے لیکن تحریک انصاف کے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے اقدام کی مذمت کرتا ہوں ،تحریک انصاف کے موجودہ چیئرمین نے خود خط آئی ایم ایف کو لکھا ،یہ پاکستان کی مخالفت ہے ،پاکستان کے ساتھ ظلم ہے ،یہ پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میدان میں کھڑے ہوکر بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے لڑائی کی تھی، میں نے تحریک عدم اعتماد سے دو سال پہلے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا تھا۔ا نہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی پی آئی کے لئے سنہری موقع تھا کہ الیکشن کے بعد اپنے رویے پر نظر ثانی کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ ہارنے کے بعد نتیجہ تسلیم نہیں کیا جاتا لیکن میں ایسا نہیں کروں گا،میں (ن) لیگ میں ہوں اس کا ورکر ہوں،مجھے کسی سیٹ کی خواہش نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شہباز شریف کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے امید ہے وہ اپنا وقت پورا کریں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں