چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع شرمناک ہوگی، پی ٹی آئی

اسلام آباد: ججز کی تقرری سے متعلق آئینی ترامیم پر پاکستان تحریک انصاف کا ردِ عمل آگیا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ملک میں اداروں کی جو تباہی ہو رہی ہے ججز تقرری آئینی ترامیم اسی روایت کا تسلسل ہے، حکومت نے پچھلے دوسالوں میں ہر وہ فیصلہ کیا ہے جس سے آئین و قانون کی بالادستی کو نقصان پہنچتا ہے اور ادارے کمزور ہتے ہیں، موجودہ حکمران اداروں کو اس لئے کمزور کرتے ہیں تاکہ اپنے غیر قانونی اور غیر آئینی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکیں۔تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اداروں کی مضبوطی اور مضبوط ریاست بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا وڑن ہے، چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنی مدت ملازمت کے پورے عرصے کے دوران بطور چیف جسٹس جو طرزِ عمل اختیار کیا ہے وہ آئین و قانون کے حوالے سے نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے آئین و قانون کی بالادستی پر سمجھوتہ کر کہ اپنے منصب کی وقعت کو کم کیا ہے، قاضی فائز عیسی نے عدلیہ کی آزادی میں ماورائے دستور اور ماورائے جمہوریت قوتوں کا دروازہ کھولا ہے جس کے بھیانک اثرات دوررس ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ قوم یہ سمجھ رہی ہے کہ کس طرح ایک جمہوری پارٹی سے بلے کا نشان چھیننے اور اس کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے میں سہولت کاری کی گئی ہے جس کا معاوضہ چیف جسٹس صاحب کو ایک ایکسٹینشن کی صورت میں مل رہا ہے، چیف جسٹس مدت ملازمت میں توسیع ایک رشوت کے طور پر لے رہے ہیں جوکہ نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، پاکستان کا دستور ایسے کسی بھی مخصوص شخص کیلئے آئین میں ترامیم کی اجازت نہیں دیتا ،قانون سازی ہمیشہ ان موضاعات پر کی جاتی ہے جہاں اجتماعی مفاد ہو، پاکستان تحریک انصاف اس ترامیم کی ہر قانونی اور جمہورتی طریقے سے مخالفت کرے گی اور اس کا راستہ پارلیمان میں بھی روکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں