کورکمانڈرزکانفرنس اعلامیے کی تائید کرتا ہوں، 9 مئی میں ملوث ملزمان کوسزا ملنی چاہیے،عمران خان

اسلام آباد:بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کی تائید کردی اور کہا کہ ہم فوج کے خلاف نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کور کمانڈرز کانفرنس اعلامیے کی تائید کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے، ان واقعات پر کمیشن بننا چاہیے، سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالی جائیں۔بانی چیئرمین نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری مخصوص نشستیں چھین کر جمہوریت کی دھجیاں اڑائی ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ دھاندلی میں ملوث الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر ہماری خواتین سے زیادتی کی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ ہم فوج کے خلاف نہیں، نہ تصادم چاہتے ہیں، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پْر امن احتجاج کرنا چاہتے ہیں، جمہوریت میں پْرامن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط اس لیے لکھا کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، ہمارا 70 فیصد پیسہ قرضے اتارنے میں چلا جاتا ہے۔بانی چیئرمین نے کہا کہ 8 فروری سے کسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، مجھے معلوم ہے مجھ سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا بتانا نہیں چاہتا، ہماری پارٹی فوج کے خلاف نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں